عثمان وزیر کی اگلی انٹرنیشنل فائٹ 26 ستمبر کو تھائی لینڈ میں ہوگی
2 • 29 Aug 2026
اسلام آباد( ): پاکستانی پروفیشنل باکسر عثمان وزیر کی اگلی فائٹ 26 ستمبر کو تھائی لینڈ میں ہوگی، جہاں وہ انڈونیشیا کے باکسر ایری آگسٹن کے خلاف رنگ میں اتریں گے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عثمان وزیر نے اپنی آئندہ انٹرنیشنل فائٹ کا اعلان کیا اور کہا کہ وہ اس مقابلے میں کامیابی حاصل کرکے اپنے پروفیشنل کیریئر کا ریکارڈ 19-0 کرنا چاہتے ہیں۔
عثمان وزیر کے مطابق تھائی لینڈ میں ہونے والا مقابلہ ان کی 19ویں انٹرنیشنل فائٹ ہوگی۔ وہ اب تک اپنے تمام 18 مقابلوں میں کامیابی حاصل کرچکے ہیں اور اب 19ویں فتح کے لیے بھرپور تیاری کر رہے ہیں۔
پاکستانی باکسر نے بتایا کہ آئندہ مقابلے کی تیاری کے لیے انہیں کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل عمر بخاری اور وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کی جانب سے مالی معاونت حاصل ہوئی ہے۔ انہوں نے کھیلوں کے فروغ اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی میں تعاون پر دونوں شخصیات کا شکریہ بھی ادا کیا۔
عثمان وزیر نے بتایا کہ ان کی نومنتخب وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین سے بھی ملاقات ہوئی ہے، جنہوں نے مستقبل میں ہونے والے مقابلوں کے لیے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ انڈونیشیا کے باکسرز سخت اور چیلنجنگ حریف سمجھے جاتے ہیں، تاہم وہ مقابلے کے لیے مکمل طور پر پُراعتماد ہیں۔ ان کا مقصد پاکستان کا نام پروفیشنل باکسنگ میں مزید بلند کرنا اور دنیا کے بہترین باکسرز کو شکست دینا ہے۔
عثمان وزیر نے پروفیشنل کھیلوں میں اسپانسرشپ کی اہمیت پر بھی بات کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک ایتھلیٹ کے کیریئر میں مالی معاونت انتہائی ضروری ہوتی ہے، تاہم سیاسی مسائل کے باعث انہیں کئی مواقع پر مطلوبہ سپورٹ حاصل نہیں ہوسکی۔
انہوں نے بتایا کہ وہ گزشتہ دس ماہ سے مسلسل ٹریننگ کیمپ میں اپنی اگلی فائٹ کی تیاری کر رہے ہیں اور کامیابی کے لیے سخت محنت جاری رکھے ہوئے ہیں۔
پاکستانی باکسر نے مزید کہا کہ پاکستان کی جانب سے پہلا ورلڈ یوتھ ٹائٹل جیتنے کا اعزاز بھی انہیں حاصل ہے۔ ان کے مطابق اگر باکسنگ فیڈریشن اپنا کردار مزید مؤثر انداز میں ادا کرے تو وہ مستقبل میں اولمپکس میں بھی پاکستان کی نمائندگی کرسکتے ہیں۔
عثمان وزیر نے کہا کہ انہوں نے اپنے کیریئر کے دوران مشکلات اور جدوجہد کا سامنا کیا ہے، اسی لیے وہ مستقبل میں آنے والے پاکستانی باکسرز کی حوصلہ افزائی اور معاونت کرنا چاہتے ہیں تاکہ ملک میں پروفیشنل باکسنگ کو مزید فروغ دیا جاسکے۔
عثمان وزیر کی اگلی فائٹ میں کامیابی انہیں اپنے ناقابلِ شکست ریکارڈ کو 19-0 تک پہنچانے کا موقع دے گی، جبکہ پاکستانی شائقین کی نظریں بھی 26 ستمبر کے اس اہم مقابلے پر ہوں گی۔