پنجاب میں مون سون بارشوں کا نیا اسپیل، اہم علاقوں کیلئے الرٹ جاری
4 • 29 Aug 2026
لاہور: پنجاب مون سون بارشیں ایک مرتبہ پھر شدت اختیار کرنے کا امکان ہے، جس کے پیش نظر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے آٹھویں اسپیل کا الرٹ جاری کردیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب میں 29 اگست سے 5 ستمبر تک مختلف اضلاع میں بارش، تیز ہواؤں اور بعض مقامات پر موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔ شہریوں اور متعلقہ اداروں کو صورتحال کے پیش نظر احتیاطی اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پیشگوئی کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، چکوال اور اٹک میں بارش ہوسکتی ہے۔ سیالکوٹ اور منڈی بہاؤالدین سمیت گجرات، گوجرانوالہ اور حافظ آباد میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
لاہور، قصور اور اوکاڑہ کے مختلف علاقوں میں بھی بارش متوقع ہے۔ محکمہ نے شہریوں کو بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز اور نشیبی علاقوں میں خصوصی احتیاط کی ہدایت کی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق یکم سے 5 ستمبر کے دوران فیصل آباد، جھنگ، لیہ، بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان کے علاقوں میں بھی بارش ہوسکتی ہے۔
مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں کے لیے خصوصی طور پر احتیاطی ہدایات جاری کی گئی ہیں، جہاں بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ موجود ہے۔ برساتی نالوں میں اچانک طغیانی اور فلیش فلڈنگ کا خطرہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا میں بھی 29 اگست سے 5 ستمبر تک بارشوں اور تیز ہواؤں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، مالاکنڈ، باجوڑ اور کوہستان میں بارش کا امکان ہے۔
پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، صوابی، خیبر اور مہمند میں بھی بارش متوقع ہے، جبکہ یکم سے 4 ستمبر کے دوران کرک، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان میں بارش ہوسکتی ہے۔
حکام نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ خراب موسم کے دوران بجلی کی تاروں، کمزور عمارتوں، درختوں اور برساتی نالوں سے دور رہیں اور مقامی انتظامیہ کی جانب سے جاری ہونے والی ہدایات پر عمل کریں۔