لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن کا ایک اور شاندار اعزاز
2 • 27 Aug 2026
انگلینڈ کا دورہ کرنے والی پاکستان انڈر 19 ٹیم کے 15 رکنی سکواڈ میں لاہور ریجن کے پانچ کھلاڑی شامل
رپورٹ: عابد حسین
لاہور: پاکستان کرکٹ کے روشن مستقبل کی بنیاد مضبوط بنانے، نوجوان ٹیلنٹ کی سرپرستی اور گراس روٹ سطح پر کرکٹ کے فروغ کے لیے لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن کی مسلسل کاوشوں کو ایک اور بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ انگلینڈ کا دورہ کرنے والی پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے 15 رکنی سکواڈ میں لاہور ریجن سے تعلق رکھنے والے پانچ باصلاحیت کھلاڑیوں کی شمولیت لاہور میں نوجوان کرکٹ کے مضبوط ڈویلپمنٹ سسٹم اور بہترین ٹیلنٹ کی واضح عکاسی کرتی ہے۔
پاکستان انڈر 19 ٹیم کے لیے منتخب ہونے والے لاہور ریجن کے پانچ کھلاڑیوں میں کپتان فرحان یوسف، عالیان سلمان، جہانگیر بلال، حسنین عباس ڈار اور حمزہ ظہور شامل ہیں۔ ایک ہی ریجن سے پانچ کھلاڑیوں کا قومی انڈر 19 سکواڈ کا حصہ بننا لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن کے لیے نہایت قابلِ فخر اعزاز ہے، جبکہ یہ کامیابی ان نوجوان کرکٹرز کے والدین، کوچز، کلبوں، اکیڈمی اور ان تمام افراد کے لیے بھی باعثِ مسرت و فخر ہے جو ان کی کرکٹنگ تربیت اور کردار سازی میں شریک رہے۔
لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر خواجہ ندیم احمد نے قومی انڈر 19 ٹیم میں منتخب ہونے والے تمام کھلاڑیوں کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن نوجوان کھلاڑیوں کو بہترین مواقع فراہم کرنے، ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور پاکستان کرکٹ کے لیے مضبوط ٹیلنٹ پائپ لائن تیار کرنے کے مشن پر گامزن ہے۔
انہوں نے کہا کہ قومی انڈر 19 ٹیم کے 15 رکنی سکواڈ میں لاہور ریجن کے پانچ کھلاڑیوں کی شمولیت ہمارے ڈویلپمنٹ سسٹم کی کامیابی کا عملی ثبوت ہے۔ یہ کامیابی اس امر کی عکاس ہے کہ اگر نوجوان ٹیلنٹ کو مناسب رہنمائی، جدید تربیت، مسلسل مواقع اور سازگار ماحول فراہم کیا جائے تو وہ نہ صرف قومی سطح تک پہنچ سکتا ہے بلکہ پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز بھی حاصل کر سکتا ہے۔
خواجہ ندیم احمد نے کہا کہ لاہور ریجن کا بنیادی مقصد صرف باصلاحیت کھلاڑی تلاش کرنا نہیں بلکہ انہیں ایک ایسا مربوط اور مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے جہاں وہ اپنی کرکٹنگ صلاحیتوں کے ساتھ ساتھ نظم و ضبط، فٹنس، کھیل کی سمجھ اور مثبت رویے کو بھی پروان چڑھا سکیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان انڈر 19 ٹیم کے یہ نوجوان کھلاڑی انگلینڈ کے دورے کے دوران اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک و قوم اور لاہور ریجن کا نام مزید روشن کریں گے۔
صدر لاہور ریجن نے اس شاندار کامیابی پر کائزن اکیڈمی کے کوچنگ اسٹاف اور انتظامیہ کو بھی خصوصی خراجِ تحسین پیش کیا، جہاں نوجوان کھلاڑیوں کو پورا سال مفت کوچنگ اور ماہانہ وظائف کی سہولت فراہم کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اکیڈمی میں تجربہ کار اور مستند کوچز کھلاڑیوں کی فزیکل فٹنس، کرکٹنگ اسکلز، تکنیک، ذہنی تیاری، نظم و ضبط اور کھیل کے دیگر اہم پہلوؤں پر مسلسل محنت کرتے ہیں، جس کے ثمرات آج قومی سطح پر نمایاں ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کی کامیابی دراصل ایک مشترکہ کاوش کا نتیجہ ہوتی ہے، جس میں کھلاڑی کی محنت کے ساتھ والدین کی قربانیاں، کوچز کی رہنمائی، کلبوں کی سرپرستی اور کرکٹ منتظمین کی مؤثر منصوبہ بندی شامل ہوتی ہے۔ لاہور ریجن ان تمام اسٹیک ہولڈرز کی کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور نوجوان کرکٹرز کی ترقی کے لیے انہیں مزید مواقع فراہم کرنے کے عزم پر قائم ہے۔
خواجہ ندیم احمد نے مزید کہا کہ لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن مستقبل میں بھی گراس روٹ کرکٹ کو مضبوط بنانے، نئے ٹیلنٹ کی تلاش، باصلاحیت نوجوانوں کی سرپرستی اور انہیں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تربیت فراہم کرنے کا سلسلہ مزید مؤثر انداز میں جاری رکھے گی۔ ہمارا وژن صرف کرکٹرز تیار کرنا نہیں بلکہ ایسے بہترین، باصلاحیت، باکردار اور ذمہ دار کھلاڑی تیار کرنا ہے جو مستقبل میں پاکستان کرکٹ کی نمائندگی کرتے ہوئے ملک کا نام فخر سے بلند کریں۔
انہوں نے پاکستان انڈر 19 ٹیم کے کپتان فرحان یوسف اور لاہور ریجن سے منتخب ہونے والے دیگر چار کھلاڑیوں عالیان سلمان، جہانگیر بلال، حسنین عباس ڈار اور حمزہ ظہور کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن انگلینڈ کے دورے میں ان کی کامیابی، بہترین کارکردگی اور روشن مستقبل کے لیے دعاگو ہے۔
لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن کے لیے یہ اعزاز محض پانچ کھلاڑیوں کے قومی سکواڈ میں انتخاب کی خوشی نہیں، بلکہ اس مضبوط عزم کی جیتی جاگتی تصویر ہے کہ لاہور کی گلیوں، کلبوں اور میدانوں سے نکلنے والا ٹیلنٹ مستقبل میں پاکستان کرکٹ کا فخر بنے۔