میاں حمزہ فضل کا کرکٹ کے فروغ کے لیے شاندار اقدام — کینٹ زون ٹی ٹوئنٹی کلب کرکٹ ٹورنامنٹ کی مکمل اسپانسر شپ کا اعلان
2 • 29 Aug 2026
رپورٹ: عابد حسین
لاہور: غالب جم خانہ کرکٹ کلب کے صدر میاں حمزہ فضل نے لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مینیجر کرکٹ آپریشنز عابد حسین اور کینٹ زون کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر مشہود حسین شیرازی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، کلب کرکٹ کے فروغ اور نوجوان کرکٹرز کو بہتر مواقع فراہم کرنے سمیت مختلف اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر میاں حمزہ فضل نے 10 ستمبر سے شروع ہونے والے کینٹ زون ٹی ٹوئنٹی کلب کرکٹ ٹورنامنٹ کی مکمل اسپانسر شپ کا اعلان کیا۔ ان کے اس اقدام کو کلب کرکٹ کے فروغ اور نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے ایک قابلِ تحسین قدم قرار دیا گیا۔
کینٹ زون کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر مشہود حسین شیرازی نے میاں حمزہ فضل کی جانب سے ٹورنامنٹ کی مکمل اسپانسر شپ کا اعلان کرنے پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اعلان کیا کہ یہ ٹورنامنٹ میاں حمزہ فضل کے والدِ مرحوم میاں فضل حسین کے نام سے منسوب کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم میاں فضل حسین کی یاد میں منعقد ہونے والا یہ ٹورنامنٹ کینٹ زون کی کلب کرکٹ کے لیے ایک خوبصورت خراجِ عقیدت ہوگا۔
ملاقات کے دوران میاں حمزہ فضل نے مینیجر کرکٹ آپریشنز لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن عابد حسین کو کرکٹ کے لیے ان کی گراں قدر خدمات کے اعتراف میں اعزازی شیلڈ بھی پیش کی۔
عابد حسین نے میاں حمزہ فضل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ اور کرکٹرز کی بھرپور سپورٹ، بالخصوص کلب کرکٹ کے فروغ کے لیے ان کا کردار قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات نہ صرف نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں بلکہ کلب کرکٹ کے نظام کو مضبوط بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔