آزاد کشمیر کا نیا وزیراعظم کون ہوگا؟ اہم فیصلہ کرلیا گیا
1 • 27 Aug 2026
اسلام آباد میں آزاد کشمیر میں نئی حکومت کی تشکیل کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ بیرسٹر افتخار گیلانی کو آزاد کشمیر کا نیا وزیراعظم بنانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے، جبکہ وزیراعظم کے انتخاب کے لیے قانون ساز اسمبلی کا اجلاس 28 اگست کو ہوگا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وزیراعظم ہاؤس میں اہم مشاورتی اجلاس ہوا، جس میں آزاد کشمیر میں حکومت سازی اور آئندہ کی پارلیمانی حکمت عملی پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس میں وزیراعظم کے مشیر اور سینیٹر رانا ثناء اللہ، خواجہ سعد رفیق، مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر اور سابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر شریک ہوئے۔
نو منتخب اسپیکر آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری طارق فاروق اور ڈپٹی اسپیکر احمد رضا قادری بھی اجلاس میں موجود تھے۔ ٹیکنوکریٹ نشست سے منتخب بیرسٹر افتخار گیلانی نے بھی مشاورتی اجلاس میں شرکت کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے قیام، نئی کابینہ کی تشکیل اور حکومتی ترجیحات سمیت مختلف اہم معاملات کا جائزہ لیا گیا۔ شرکا نے گڈ گورننس اور حکومتی امور میں بہتری کے لیے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی جانب سے بیرسٹر افتخار گیلانی کا نام وزیراعظم آزاد کشمیر کے امیدوار کے طور پر حتمی کیا گیا ہے۔ تاہم وزیراعظم کے انتخاب کا باضابطہ مرحلہ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں مکمل ہوگا۔
آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں وزیراعظم کا انتخاب 28 اگست کو ہونے کا امکان ہے۔ انتخاب کے بعد نئی کابینہ کی تشکیل کا عمل بھی شروع کیے جانے کی توقع ہے۔
بیرسٹر افتخار گیلانی کی ممکنہ نامزدگی کے ساتھ آزاد کشمیر میں نئی حکومت کی تشکیل کا عمل اہم مرحلے میں داخل ہوگیا ہے، جبکہ آئندہ چند روز میں حکومت کی ترجیحات اور کابینہ سے متعلق مزید پیش رفت سامنے آنے کا امکان ہے۔