مالی طور پر کمزور مردوں سے اپنی بیٹی کی شادی نہ کریں: نمرہ خان کا لڑکیوں کے والدین کو مشورہ
3 • 12 Aug 2026
پاکستانی اداکارہ نمرہ خان کی دوسری شادی میں اختلافات کی خبریں سامنے آنے کے بعد ان کی جانب سے سوشل میڈیا پر مبہم پیغامات شیئر کیے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔
اب اداکارہ نے ایک اور سوشل میڈیا پوسٹ انسٹاگرام اسٹوری پر شیئر کی جس میں انہوں نے مالی طور پر کمزور لڑکوں کو بھکاریوں سے تشبیہ دی اور والدین کو ایسے لڑکوں سے اپنی بیٹیوں کی شادی نہ کرنے کا مشورہ دیا۔
اداکارہ آج کل تکلیف دہ اور اذیت سے بھرپور رویوں کے حامل مردوں کے خلاف پیغامات شیئر کر رہی ہیں، وہ اس بات پر بھی زور دے رہی ہیں کہ ایک خاتون کے لیے کسی غلط شخص سے شادی کرنے سے بہتر ہے کہ تنہا اور خودمختار زندگی بسر کریں۔
انہوں نے لڑکیوں کے والدین کو مشورہ دیا ہے کہ اپنی بیٹیوں کی شادی کرنے سے پہلے کن باتوں کو مدنظر رکھنا چاہیے۔
نمرہ خان نے سوشل میڈیا پر وائرل ایک پیغام ری شیئر کیا جس میں وہ بیٹیوں کے والدین کو مشورہ دے رہے تھے کہ اپنی بیٹیوں کی شادی بھکاریوں سے نہ کریں، یعنی ایسے مردوں سے نہ کریں جو مالی طور پر دوسروں کے محتاج ہوں۔
اداکارہ نے بھی اسی مشورے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ رشتہ طے کرنے سے پہلے لڑکے کی مالی حیثیت دیکھنا بہت ضروری ہے۔
واضح رہے کہ نمرہ خان اور ان کے شوہر کی جانب سے فی الحال علیحدگی سے متعلق واضح اعلان نہیں کیا گیا ہے۔