پاکستان میں ڈومیسٹک کرکٹ کے نظام کو مضبوط بنانے، نوجوان ٹیلنٹ کو آگے لانے اور قومی ٹیم کے لیے معیاری کھلاڑیوں کی تیاری پر زور دیا جا رہا ہے۔
2 • 10 Oct 2026
رپورٹ: عابد حسین
لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر خواجہ ندیم احمد کے مطابق چیئرمین پی سی بی محسن نقوی پاکستان میں ڈومیسٹک کرکٹ کو منظم، مستحکم اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کے لیے پُرعزم ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اس وژن کو عملی شکل دینے میں اسامہ شارون کی قیادت میں ڈومیسٹک ڈیپارٹمنٹ اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
خواجہ ندیم احمد نے کہا کہ کسی بھی ملک کی قومی کرکٹ ٹیم کی مضبوطی کا انحصار اس کے ڈومیسٹک نظام پر ہوتا ہے۔ معیاری مقابلوں، مؤثر انتظامی حکمتِ عملی اور کھلاڑیوں کی کارکردگی کے جائزے کے ذریعے ہی مستقبل کے باصلاحیت کھلاڑیوں کو تلاش کیا جا سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سابق کرکٹرز، ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشنز اور دیگر اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کرکٹ کے انتظامی ڈھانچے کو بہتر بنانے میں مدد دیتی ہے۔ ڈومیسٹک کرکٹ میں میرٹ، شفافیت اور پیشہ ورانہ معیار کو فروغ دینا بھی ناگزیر ہے تاکہ نوجوان کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے کے مساوی مواقع میسر آ سکیں۔
خواجہ ندیم احمد نے امید ظاہر کی کہ پی سی بی کی قیادت، ڈومیسٹک ڈیپارٹمنٹ اور ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشنز کی مشترکہ کوششوں سے پاکستان میں ڈومیسٹک کرکٹ مزید مضبوط ہوگی اور قومی ٹیم کو مستقبل میں معیاری ٹیلنٹ کی فراہمی کا عمل بہتر بنایا جا سکے گا۔