واٹس ایپ اکاؤنٹ کے بغیر بھی اب دوستوں کی کالز کا حصہ بننا ممکن

6 • 15 Oct 2026

واٹس ایپ میں میسجنگ اور کالنگ کے لیے اب تک ایک اکاؤنٹ بنانے کی ضرورت ہوتی ہے۔

مگر اب واٹس ایپ نے ہر ایک کے لیے کالز کا حصہ بننا آسان کر دیا ہے اور بغیر اکاؤنٹ کے بھی ایسا ممکن ہوسکے گا۔ جی ہاں واٹس ایپ نے کالنگ کی سہولت کو مزید آسان بناتے ہوئے ایسے افراد کو بھی کالز کا حصہ بننے کا موقع فراہم کیا ہے جن کا اس پلیٹ فارم پر اکاؤنٹ موجود نہیں۔ ایک بلاگ پوسٹ میں واٹس ایپ نے بتایا کہ اب صارفین کال لنک شیئر کرکے ایسے افراد کو بھی گفتگو میں شامل کرسکتے ہیں جو واٹس ایپ استعمال نہیں کرتے۔ جس فرد کو آپ کی جانب سے لنک ملے گا وہ ویب براؤزر کے ذریعے کال میں شامل ہوسکے گا۔ یہ سہولت انفرادی اور گروپ، دونوں طرح کی کالز کے لیے دستیاب ہے، جن میں بیک وقت 32 افراد شرکت کرسکتے ہیں۔ کمپنی کے مطابق لنک کے ذریعے شامل ہونے والے افراد کی کالز کو بھی اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کا تحفظ حاصل ہوگا۔ اس کے علاوہ صارفین کو ہاتھ اٹھانے، اسکرین شیئرنگ اور دیگر بنیادی فیچرز بھی دستیاب ہوں گے۔ واٹس ایپ کالز کی طرح یہ سہولت بھی مفت ہوگی اور کال کے دورانیے پر کوئی حد مقرر نہیں کی گئی۔ کال لنک کیسے بنایا جائے؟ واٹس ایپ کے مطابق کال شروع کرنے کے لیے صارفین کو ایپ میں کالز کے ٹیب پر جانا ہوگا، پھر ’پلس (+)‘ کے آئیکون پر کلک کرکے کال لنک بنانا ہوگا۔ اس کے بعد یہ لنک ان افراد کو بھیجا جاسکتا ہے جن سے بات کرنا چاہتے ہیں۔ لنک موصول کرنے والے افراد اپنے کمپیوٹر کے ویب براؤزر میں اسے کھول کر اپنا نام درج کرسکیں گے اور میزبان کی اجازت ملنے کے بعد انفرادی یا گروپ کال میں شامل ہوسکیں گے۔ یہ واضح رہے کہ کال لنک بنانے کے لیے واٹس ایپ اکاؤنٹ ہونا ضروری ہے۔ بلاگ پوسٹ میں مزید بتایا گیا کہ مستقبل قریب میں واٹس ایپ پلگ ان کے ذریعے ان کال لنکس کو گوگل کیلنڈر اور مائیکروسافٹ آؤٹ لک کے ساتھ بھی مربوط کیا جائے گا، جس سے میٹنگز اور گفتگو کا شیڈول بنانا مزید آسان ہوجائے گا۔
More News