ماڈل ٹاؤن زون کی جنرل باڈی کا سالانہ اجلاس، اہم امور کی منظوری

2 • 01 Oct 2026

انڈر 15 کلب کرکٹ ٹورنامنٹ کی کامیاب میزبانی پر اطمینان، اکتوبر میں ون ڈے ٹورنامنٹ کرانے کا فیصلہ رپورٹ: عابد حسین

لاہور: ماڈل ٹاؤن زون لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن کی جنرل باڈی کا سالانہ اجلاس گزشتہ روز لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن کے ہیڈ کوارٹرز میں منعقد ہوا، جس کی صدارت صدر ماڈل ٹاؤن زون ملک عمران بچہ نے کی۔ اجلاس میں زون کے انتظامی، مالی اور کرکٹ سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور متعدد اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی۔ اجلاس کے دوران سیکرٹری ماڈل ٹاؤن زون افضال احمد نے حال ہی میں مکمل ہونے والے انڈر 15 کلب کرکٹ ٹورنامنٹ کی تفصیلی رپورٹ جنرل باڈی کے سامنے پیش کی۔ رپورٹ میں ٹورنامنٹ کے انعقاد، ٹیموں کی شرکت اور مجموعی انتظامات کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا گیا، جسے جنرل باڈی کے اراکین نے سراہتے ہوئے ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد پر اطمینان کا اظہار کیا۔ خازن ماڈل ٹاؤن زون چودھری رمضان علی نے زون کے اب تک کے مالی معاملات اور اکاؤنٹس کی مکمل تفصیلات اجلاس میں پیش کیں۔ جنرل باڈی نے پیش کردہ مالیاتی رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد اکاؤنٹس کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اجلاس میں ماڈل ٹاؤن زون کے آئندہ کرکٹ پروگرام پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔ اس موقع پر اکتوبر میں ون ڈے کرکٹ ٹورنامنٹ کے انعقاد کی تجویز پیش کی گئی، جس پر اراکین نے تبادلہ خیال کے بعد ٹورنامنٹ کے انعقاد کی باضابطہ منظوری دے دی۔ اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ زون میں کلب کرکٹ کے فروغ اور نوجوان کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ مسابقتی مواقع فراہم کرنے کے لیے سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ مزید برآں، ماڈل ٹاؤن زون کے مالی سال 2026-27 کے اکاؤنٹس کے آڈٹ کے لیے طارق میاں رمضان ارشد اینڈ کمپنی کو آڈیٹر مقرر کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔ اجلاس کے اختتام پر صدر ماڈل ٹاؤن زون ملک عمران بچہ نے جنرل باڈی کے اراکین کی شرکت اور تعاون کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ ماڈل ٹاؤن زون میں کرکٹ کے فروغ، کلب کرکٹ کے استحکام اور نوجوان کھلاڑیوں کو بہتر مواقع کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کا سلسلہ مزید مؤثر انداز میں جاری رکھا جائے گا۔
More News