شکیب الحسن کی آل راؤنڈ کارکردگی، ایم آئی ایمریٹس نے ڈیزرٹ وائپرز کو شکست دے دی
2 • 23 Dec 2025
دبئی میں کھیلے گئے ڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی 20 سیزن فور کے میچ میں ایم آئی ایمریٹس نے ٹیبل ٹاپرز ڈیزرٹ وائپرز کو چار وکٹوں سے شکست دے دی۔
میچ میں شکیب الحسن نے شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایم آئی ایمریٹس کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔
ڈیزرٹ وائپرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 124 رنز بنائے، ڈین لارنس 35 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
ایم آئی ایمریٹس کی جانب سے شکیب الحسن نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 14 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ظہیر خان نے آخری اوورز میں مؤثر بولنگ کی۔
ہدف کے تعاقب میں ایم آئی ایمریٹس کو آغاز میں مشکلات کا سامنا رہا، تاہم کپتان کیرون پولارڈ کے تیز رنز اور شکیب الحسن کی ذمہ دار بیٹنگ نے ٹیم کو کامیابی دلائی۔
شکیب الحسن نے 17 رنز ناٹ آؤٹ بنائے اور وننگ باؤنڈری لگا کر ٹیم کو 17 اعشاریہ 3 اوورز میں فتح سے ہمکنار کیا۔
اس کامیابی کے ساتھ ایم آئی ایمریٹس پوائنٹس ٹیبل پر دوبارہ دوسری پوزیشن پر آ گئی ہے، جبکہ شکیب الحسن کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔