تھائی لینڈ پولیس نے میلے میں شیر کا لباس پہن کر چور کو پکڑ لیا
10 • 21 Feb 2026
تھائی لینڈ میں پولیس نے چور کو پکڑنے کے لیے انوکھا طریقہ اختیار کیا اور شیر کا کاسٹیوم پہن کر ملزم کو دھر لیا۔
تھائی لینڈ کے دارالحکومت بینکاک میں پولیس کا چور کو پکڑنے کے لیے اپنایا گیا طریقہ دنیا بھر میں وائرل ہوگیا۔
پولیس کے مطابق چور بدھ کے روز نئے قمری سال کے میلے میں موجود تھا جس کی خفیہ اطلاع پر اسے گرفتار کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی۔
اس حوالے سے بینکاک پولیس کی جانب سے ویڈیو بھی جاری کی گئی جس میں سرخ اور سنہری رنگ کے شیر کے کاسٹیوم میں ملبوس افسران کو چور کے اطراف رقص کرتے ہوئے دیکھاجاسکتا ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پولیس اہلکار رقص کرتے ہوئے چور کے قریب آئے اور اسے اچانک زمین پر گرا کر ہتھکری لگادی۔
پولیس کے مطابق 33 سالہ ملزم نے بینکاک میں ایک مقامی پولیس کمانڈر کے گھر میں 3 بار گھس کر تقریباً 20 لاکھ بھات مالیت کا سامان لوٹا تھا، پولیس نے اس چور کو کئی بار پکڑنے کی کوشش کی لیکن وہ ہر بار فرار ہوگیا۔
پولیس نے مزید بتایا کہ چور کی شناخت چوری شدہ تعویذوں کا سراغ لگا کر کی جو اس نے بیچے تھے اور معلوم ہوا کہ وہ اکثر نونتھابوری کے مندروں میں جاتا تھا۔
پولیس کے مطابق ملزم نے ڈکیتیوں کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ اس نے منشیات خریدنے اور جوا کھیلنے کے لیے چوری کی۔