امریکی صدر ایران سے معاہدہ کرنا چاہتے ہیں، وہ خامنہ ای سے ملنے کو بھی تیارہیں: مارکو روبیو
16 • 15 Feb 2026
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے ساتھ معاہدہ کرنے کو ترجیح دیتے ہیں اور اگر ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای ملاقات کی خواہش ظاہر کریں تو ٹرمپ ان سے ملنے کیلئے تیار ہوں گے۔
میونخ سکیورٹی کانفرنس کے موقع پر انٹرویو دیتے ہوئے مارکو روبیو نے کہا کہ ٹرمپ کسی سے بھی ملاقات کے لیے آمادہ ہیں، کیونکہ ان کے نزدیک عالمی مسائل کا حل بات چیت کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
روبیو نے کہا کہ اگر آیت اللہ خامنہ ای کل ہی صدر ٹرمپ سے ملاقات کی درخواست کریں تو یہ ملاقات ہوسکتی ہے، اس لیے نہیں کہ ٹرمپ ان سے متفق ہیں بلکہ اس لیے کہ وہ سمجھتے ہیں کہ مسائل اسی طرح حل کیے جاتے ہیں۔
انہوں نے مشرق وسطیٰ میں دوسرا طیارہ بردار بحری جہاز بھیجنے کے فیصلے کو احتیاطی اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ ایران کوئی ایسا قدم نہ اٹھائے جس سے بڑا تنازع پیدا ہو۔