پانڈا سفارتکاری کا خاتمہ: جاپان کا ملک کے آخری دو پانڈا کو چین واپس بھیجنے کا فیصلہ

10 • 26 Jan 2026

جاپان اور چین کے درمیان پانڈا سفارتکاری کا خاتمہ ہوگیا جس کے سبب جاپان بگڑتے تعلقات کی وجہ سے ملک کے آخری دو پانڈا چین واپس بھیج رہا ہے۔

اتوار کے روز جاپان کے ایک چڑیا گھر میں ہزاروں لوگ جمع ہوئے تاکہ ملک کے آخری دو دیوہیکل پانڈا کو الوداع کہہ سکیں، انہیں منگل کے روز چین واپس بھیجا جائے گا۔ ٹوکیو کے چڑیا گھر میں جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے جہاں ہزاروں لوگ قطاروں میں کھڑے رہے، کچھ لوگ ساڑھے تین گھنٹے تک انتظار کرتے رہے تاکہ جڑواں پانڈوں شاؤ شاؤ اور لے لے کو آخری بار دیکھ سکیں۔ جاپان اور چین کے تعلقات میں تناؤ اُس وقت خطرناک حد تک بڑھ گیا جب جاپانی وزیر اعظم Sanae Takaichi نے کہا کہ اگر چین نے تائیوان پر حملہ کیا تو جاپان اس معاملے میں فوجی مداخلت کرے گا۔ جڑواں پانڈوں کی روانگی کے بعد جاپان میں پہلی بار 1972 کے بعد سے کوئی پانڈا نہیں ہوگا، یہ وہ سال تھا جب دونوں ملکوں کے سفارتی تعلقات معمول پر آئے تھے۔ 1949 میں اپنے قیام کے بعد سے چین خیرسگالی کے طور پر اپنے اتحادی اور بعض حریف ملکوں کو پانڈا بھیجتا رہا ہے تاہم چین اپنے تمام پانڈوں کی ملکیت برقرار رکھتا ہے حتیٰ کہ وہ بچے بھی جو بیرون ملک پیدا ہوں، میزبانی کرنے والے ممالک اس کے بدلے میں ہر جوڑے کے لیے سالانہ تقریباً 10 لاکھ ڈالر چین کو ادا کرتے ہیں۔