بھارت کا یوم جمہوریہ، کشمیریوں کا یوم سیاہ کا اعلان

16 • 25 Jan 2026

سرینگر: بھارت کے یوم جمہوریہ کے موقع پر کشمیری دنیا بھر میں یوم سیاہ منائیں گے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یوم سیاہ منانے کا مقصد عالمی برادری کو پیغام دینا ہے کہ بھارت کشمیری عوام کو حق خود ارادیت دینے سے انکاری ہے۔ کُل جماعتی حریت کانفرنس نے 26 جنوری کو یوم سیاہ منانے کی کال دی۔ جس کے تحت مقبوضہ جموں و کشمیر میں مکمل ہڑتال ہو گی۔ اور پاکستان سمیت دنیا کے مختلف دارالحکومتوں میں بھارت مخالف مظاہرے اور ریلیاں نکالی جائیں گی۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارت نے اپنے یوم جمہوریہ کے موقع پر مقبوضہ وادی کو فوجی چھاؤنی میں بدل دیا ہے۔ اور سیکیورٹی کے نام پر سخت لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے۔ بڑی تعداد میں قابض بھارتی فورسز تعینات ہیں اور لوگوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کے لیے سی سی ٹی وی کیمروں اور ڈرونز کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ دوسری جانب مقبوضہ وادی میں گاڑیوں اور راہگیروں کی تلاشی کا سلسلہ تیز کر دیا گیا ہے۔ جبکہ سڑکوں کو خاردار تاروں اور رکاوٹوں سے بند کیا گیا ہے۔ جبکہ قابض فورسز کی نگرانی کی کارروائیوں سے کشمیری عوام کے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یہ اقدامات کشمیری عوام کی آزادی کی جدوجہد کو دبانے کی کوشش کے مترادف ہیں۔ تاہم حریت کانفرنس نے عالمی برادری سے بھارت پر دباؤ ڈالنے کا مطالبہ کیا ہے۔