شیفالی کی اچانک موت کی اصل وجہ کیا ہے؟ شوہر کا چونکا دینے والا دعویٰ

3 • 21 Jan 2026

بھارتی اداکارہ اور ٹیلی ویژن کی معروف شخصیت شیفالی زری والا کی اچانک موت کے ایک سال کے بعد، اُن کے شوہر پراگ تیاگی کے چونکا دینے والے دعوے نے دوبارہ اس معاملے کو خبروں کی سرخیوں میں لا دیا ہے۔

شیفالی زری والا، جو گانے کانٹا لگا سے شہرت کی بلندیوں تک پہنچیں اور بعد ازاں مختلف ریئلٹی شوز میں نظر آئیں، جون 2025 میں انتقال کر گئیں۔ اس وقت ڈاکٹروں نے موت کی وجہ کارڈیک اریسٹ قرار دی تھی، اور سرکاری طور پر آج تک یہی موقف برقرار ہے۔ تاہم حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے 50 سالہ پراگ تیاگی نے دعویٰ کیا کہ شیفالی کی موت کے پیچھے کالا جادو کارفرما ہو سکتا ہے، اور یہ محض شک نہیں بلکہ ذاتی تجربات اور محسوسات پر مبنی یقین ہے۔ پراگ تیاگی نے بتایا کہ بہت سے لوگ ان باتوں پر یقین نہیں کرتے، مگر میں کرتا ہوں۔ جہاں بھگوان ہوتا ہے، وہاں شیطان بھی ہوتا ہے۔ مجھے یقین ہے کہ کسی نے تو کالا جادو ضرور کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجھے بار بار احساس ہوتا تھا کہ کچھ گڑبڑ ہے۔ ایک بار تو بچ گئے، مگر اس بار معاملہ زیادہ سنگین تھا۔ عبادت کے دوران بھی شیفالی میں غیر معمولی تبدیلیاں محسوس ہوتی تھیں۔ جب میں بھکتی میں بیٹھتا ہوں تو خود بخود احساس ہو جاتا ہے کہ کچھ غلط ہے، اور اس بار یہ احساس بہت زیادہ تھا۔ میں 100 فیصد یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ کسی نے ضرور کچھ کیا ہے۔ واضح رہے کہ طبی ماہرین اب بھی ابتدائی رپورٹ پر قائم ہیں اور تاحال کسی نئی تفتیش یا سرکاری کارروائی کا اعلان نہیں کیا گیا۔ شیفالی کی وفات کے بعد پراگ تیاگی اپنے غم اور یادوں کا اظہار کھلے دل سے کرتے رہے ہیں۔ وہ سوشل میڈیا پر اکثر شیفالی کے ساتھ گزارے گئے لمحات شیئر کرتے ہیں، جن میں ان کی 43 ویں سالگرہ پر دیا گیا ایک جذباتی خراجِ عقیدت بھی شامل ہے۔