سیف علی خان نے 16 ہزار کروڑ روپے مالیت کی زمین کا مقدمہ جیت لیا

3 • 14 Jan 2026

بالی ووڈ کے معروف اداکار سیف علی خان اور پٹودی خاندان نے بھوپال میں واقع اپنی آبائی جائیداد سے متعلق طویل عرصے سے جاری قانونی تنازع میں کامیابی حاصل کر لی ہے، جس کے ساتھ ہی تقریباً 25 سال پرانا مقدمہ اپنے انجام کو پہنچ گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھوپال کی ضلعی عدالت نے نیاپورہ علاقے میں واقع 16.62 ایکڑ زمین پر دائر تمام دعوے مسترد کرتے ہوئے فیصلہ سیف علی خان اور ان کے خاندان کے حق میں سنا دیا۔ اس زمین کی مجموعی مالیت کا تخمینہ تقریباً 16 ہزار کروڑ بھارتی روپے لگایا جا رہا ہے۔ عدالتی فیصلے کے تحت زمین کی ملکیت کو باضابطہ طور پر پٹودی خاندان کے نام بحال کر دیا گیا ہے۔ اس مقدمے میں سیف علی خان کے ساتھ ان کی والدہ اور سینئر اداکارہ شرمیلا ٹیگور، بہن سوھا علی خان اور دیگر قانونی وارث بھی فریق تھے۔ یہ معاملہ 1998 سے عدالت میں زیرِ سماعت تھا، جب چند افراد، جن میں عقیل احمد بھی شامل تھے، نے دعویٰ کیا تھا کہ مذکورہ زمین پٹودی خاندان کی ملکیت نہیں بلکہ یہ زمین 1936 میں سابق ریاست بھوپال کے نواب حمید اللہ خان نے ان کے آبا و اجداد کو بطور تحفہ دی تھی۔ تاہم عدالتی کارروائی کے دوران مدعیان اپنے دعوے کے حق میں کوئی قابلِ اعتماد یا مستند دستاویزی ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہے۔ عدالت نے دستیاب ریکارڈ اور شواہد کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد قرار دیا کہ زمین کی منتقلی یا تحفے سے متعلق کوئی مصدقہ شہادت موجود نہیں، جس کے باعث دعویٰ مسترد کر دیا گیا۔ عدالت کے اس فیصلے کے بعد زمین کی ملکیت سے متعلق طویل عرصے سے جاری غیر یقینی صورتحال کا خاتمہ ہو گیا ہے۔ قانونی ماہرین کے مطابق یہ فیصلہ موروثی جائیداد سے متعلق مقدمات میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ سیف علی خان یا ان کے نمائندوں کی جانب سے تاحال اس فیصلے پر کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔