پی آئی اے کی نجکاری کا مقصد ’لیجنڈ کی شان سے واپسی‘، بولی کی تقریب کل براہِ راست نشر ہوگی

1 • 23 Dec 2025

نجکاری کمیشن نے قومی ایئرلائن پی آئی اے کی نجکاری کے عمل سے متعلق تازہ اپ ڈیٹ جاری کر دی ہے۔

اعلامیے کے مطابق پی آئی اے کے 75 فیصد حصص کی نجکاری کے لیے بولی کی تقریب کل بروز منگل منعقد کی جائے گی۔ نجکاری کمیشن کے مطابق بولی دہندگان کی جانب سے سیل شدہ بولیاں صبح ساڑھے دس بجے جمع کرائی جائیں گی۔ شیڈول کے مطابق بولی کی تقریب کا آغاز دوپہر ساڑھے تین بجے ہوگا، جسے براہِ راست نشر کیا جائے گا۔ تقریب کے دوران موصول ہونے والی بولیوں اور ریفرنس قیمت کا اعلان کیا جائے گا، جبکہ نجکاری کا عمل طے شدہ ضوابط کے مطابق مکمل کیا جائے گا۔ نجکاری کمیشن کا کہنا ہے کہ ریفرنس قیمت کی منظوری بولیاں موصول ہونے کے بعد پرائیویٹائزیشن کمیشن بورڈ اور کابینہ کمیٹی برائے نجکاری دے گی۔ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ بولی کے عمل کے اختتام پر وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری محمد علی پریس کانفرنس بھی کریں گے۔ نجکاری کمیشن کے مطابق پی آئی اے کی نجکاری وزیراعظم شہباز شریف کے معاشی اصلاحات کے ایجنڈے کے تحت کی جا رہی ہے، جبکہ اس پورے عمل کو شفاف اور قابلِ اعتماد بنایا جائے گا۔ نجکاری کمیشن کا کہنا ہے کہ قومی ایئرلائن کی نجکاری کا مقصد پی آئی اے کی ’’لیجنڈ کی شان سے واپسی‘‘ کو یقینی بنانا ہے۔