ہنگری: قبریں کھودنے کے منفرد مقابلے کا انعقاد
10 • 07 Sep 2026
مقابلے میں 38 افراد نے حصہ لیا جن کو 19 ٹیموں میں تقسیم کیا گیا
ہنگری میں قبرستان میں قبر کھودنے کا ایک منفرد مقابلہ منعقد کیا گیا، جس میں 38 افراد نے حصہ لیا۔
شمالی ہنگری کے شہر نائرگیشوئےفالو کے ایک سرکاری قبرستان میں ہونے والے مقابلے میں 19 دو رکنی ٹیموں نے حصہ لیا۔ شدید گرمی میں خشک اور سخت ہو چکی مٹی نے شرکا کے لیے چیلنج مزید بڑھا دیا۔ تاہم، تمام ٹیمیں مقررہ معیار کے مطابق قبر کھودنے کے لیے ایک دوسرے سے سبقت لے جانے کی کوشش کرتی رہیں۔
مقابلے میں صرف رفتار ہی نہیں بلکہ قبر کی نفاست اور درست پیمائش کو بھی اہمیت دی گئی۔ فاتح ٹیم کے رابرٹ ناگی اور لازلو کِش نے صرف 1 گھنٹہ 21 منٹ میں قبر کھود کر پہلی پوزیشن حاصل کی۔
مقابلے کے قواعد کے مطابق قبر کی گہرائی 1.6 میٹر، لمبائی 2 میٹر اور چوڑائی 0.8 میٹر مقرر کی گئی تھی۔
فاتح ٹیم کو 2 لاکھ ہنگری فورنٹ (تقریباً 640 امریکی ڈالر) کی انعامی رقم دی گئی۔
مقابلے کے فاتح رابرٹ ناگی کے مطابق قبر کھودنے میں رفتار اہم ضرور ہے لیکن حقیقی تدفین کے وقت درست پیمائش اور قبر کی مناسب تراش خراش بھی انتہائی ضروری ہوتی ہے۔