میامی میں کارگو طیارہ رن وے سے اتر کر گاڑیوں سے ٹکرا گیا، حادثے میں 5 افراد ہلاک
16 • 07 Sep 2026
میامی انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر کارگو طیارہ لینڈنگ کے بعد حادثے کا شکار ہوگیا جس کے بعد طیارے میں آگ بھڑک اُٹھی، حادثے میں 5 افراد ہلاک ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق بوئنگ 767-300 کارگو طیارہ اتوار کو پورٹو ریکو کے لوئس میوز مارین انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے روانہ ہونے کے بعد میامی انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران رن وے سے اتر کر حادثے کا شکار ہوا۔
پرواز رن وے سے اترنے کے بعد سڑک پر موجود متعدد گاڑیوں سے ٹکرا گئی جس کے بعد طیارے میں آگ لگ گئی۔حادثے میں کم از کم 5 افراد ہلاک ہوئے۔
حادثے کے بعد ائیرپورٹ کے تمام رن وے بند کر دیے گئے ہیں جبکہ ائیرپورٹ پر ایمرجنسی نافذ کر دگی گئی ہے۔
فائر اینڈ ریسکیو سروس نے امریکی میڈیا کو بتایا کہ متعدد افراد کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔
البتہ حکام کا کہنا ہے کہ تاحال یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ حادثہ کس وجہ سے پیش آیا۔
سوشل میڈیا پر شیئر کی جانے والی جائے وقوعہ کی ویڈیوز اور تصاویر میں طیارے کے اوپر گھنا سیاہ دھواں اٹھتا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔